اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے رحمةاللعالمین کانفرنس کے انعقاد کے لیے قائم آرگنائزنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو وزارت اطلاعات و نشریات میں منعقد ہوا۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے اجلاس کی صدارت کی۔آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان، معاون خصوصی وزیراعظم افتخار درانی اور سنیٹر فیصل جاوید نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ عید میلاد النبی شایان شان انداز میں مکمل عقیدت و احترام سے منائیں گے،ایسی سرگرمیاں اور تقاریب منعقد کی جائیں جس میں اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور آپکی حیات طیبہ کے گوشے اجاگر ہوں۔انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ بابرکت ہے جس میں بین الاقوامی سیرت کانفرنس کا انعقاد ہورہا ہے۔کانفرنس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق ،کردار اور زندگی سے شاندار روایات کو سامنے لایا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سرور کائنات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت اور حرمت ہر مسلمان پر فرض ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=121189