چنیوٹ۔ 31 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے کہا ہے کہ عید کا دن مسلمانوں کے لئے رمضان المبارک کے بابرکت اور مقدس ماہ کے بعد مسرت،محبت،اخوت اور باہمی اتفاق و اتحاد کا پیغام لے کر آتا ہے۔
انہوں نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں اسلام کی سربلندی،پاکستان کی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کے لئے باہمی جدوجہدجاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر مسلمانوں کے لئے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے،ہم سب اپنی خوشیوں میں غریبوں اور کم وسیلہ طبقات کو شریک کریں،عام آدمی کا احساس کرنے سے ہی عید کا لطف دوبالا ہوگا،وسائل سے محروم افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہماری دینی،اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے عید کے موقع پر صاف ستھرے ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں،عید گاہوں اور قبرستانوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ تفریحی مقامات پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے اپیل کی کہ شہری عید کی خوشیاں مناتے وقت نظم وضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577517