اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ یکم شوال کی شام کو دکھائی دینے والے چاند نے رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کی صداقت کی تائید کردی ہے۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے علمائے کرام اور مذہبی اسکالرز سے مشاورت کے بعد کہا کہ پاکستان علما کونسل (پی یو سی) نے اعلان کیا ہے کہ عید کا چاند نظر آنے کا فیصلہ غلط نہیں تھا اس لئے روزہ رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کی طرف سے چاند دیکھائی دینے کے اعلان میں تاخیر شرعی تقاضوں کے مطابق احتیاطی تصدیق اور شہادتوں کی صداقت کی جانچ پڑتال کے عمل کو پورا کرنے کی وجہ سے ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم حتی کہ ان لوگوں نے بھی ، جنہوں نے اس فیصلے کو غلط قرار دیا عید منائی۔ مخالفین نے شرعی تقاضوں کے مطابق فیصلے کو قبول کیا اوراپنے سیاسی مصلحت کی وجہ سے اس کی مخالفت کر رہے تھے۔