لاہور۔31مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے عید الفطر کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید الفطر اللہ تعالی کی جانب سے مسلمانوں کے لیے ایک عظیم انعام اور یومِ تشکر ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ پاکستان میں خوشیوں کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے۔اپنے پیغام میں وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ عید کا اصل مفہوم احساس اور ایثار میں پنہاں ہے، اور یہ تب ہی حقیقی خوشی کا دن بنے گا جب ہم سب مل کر اسے منائیں۔
انہوں نے عوام کو ترغیب دی کہ عید کے موقع پر یتیموں، مساکین اور ضرورت مندوں کا خاص خیال رکھا جائے، کیونکہ نبی کریم ۖ کا یتیم بچوں کے ساتھ شفقت بھرا سلوک ایک ابدی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں چھوٹے ملازمین اور نادار افراد کو شامل کرنا نہ صرف مستحسن عمل ہے بلکہ اس سے عید کی برکتیں دوبالا ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر شہدا کے خاندانوں کو یاد رکھنے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر بھی زور دیا۔وزیر اعلی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے آس پاس کے محروم طبقے کی ضرورتوں کو سمجھیں اور ان کی مدد کریں تاکہ عید کی حقیقی روح کو اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ دوسروں کی مدد کرتے ہیں، وہی حقیقی خوشی اور سکون حاصل کرتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577555