غازی بروتھا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے سماجی، معاشی اور زیر زمین پانی کی کمی جیسے مسائل کا جلد ازالہ کیا جائے گا،اسد قیصر

95

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ غازی بروتھا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے قیام سے پیدا ہونے والے سماجی، معاشی، روزگار اور زیر زمین پانی کی کمی جیسے مسائل کا جلد سے جلد ازالہ کیا جائے گا۔ لوگوں کی زندگیاں اور معاش اس منصوبے سے براہ راست منسلک ہیں۔ اس منصوبے کے متاثرین کی مشکلات کو دور کرنا متعلقہ سرکاری اداروں کی ترجیح ہونی چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں غازی بروتھا ہائیڈرو پروجیکٹ کے متاثرین کو درپیش مسائل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ مقامی آبادی کے بڑے حصے کا روزگار فشریز اور زراعت سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو پانی کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ان کے روزگار کے مواقع کم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غازی بروتھا ہائیڈرو پروجیکٹ کے متاثرین کو فروری تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تک وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ فروری کے مہینے سے کاشت کا موسم شروع ہوگا جس کے لیے پانی دستیابی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں زیر زمین پانی کی سطح بھی کم ہورہی ہے جس کے براہ راست اثرات آبپاشی کے نظام پر پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے واٹر پارک کے قیام کے معاملے کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی کنسلٹنسی سٹڈی میں زیر زمین پانی کی کمی اور ماہی پروری کے کاروبار کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ 1000 کیوسک پانی مقامی سطح پر ضروریات سے بہت کم ہے ۔انہوں نے زراعت اور فیشریز کی ضروریات کے لئے پانی کی مقدار میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا کہ اس منصوبے سے پیدا ہونے پیداوار سے علاقے کے عوام مستفید ہونگے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے روزگار، متاثرہ علاقوں اور مقامی حیاتیاتی تنوع میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا جائے اور اس منصوبے کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لئے ممکنہ اقدامات تجویز کیے جائیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب، وزیر اعلیٰ کے پی کے، کے مشیر عبد الکریم، رنگیز احمد، تحصیل ناظم ٹوپی محمد سہیل یوسفزئی اور وزارت منصوبہ بندی و ترقی، آبی وسائل، واپڈا اور آئی آر ایس اے کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔