غربت کاخاتمہ، سماجی واقتصادی ترقی اورمالیاتی امورمیں خواتین کی شمولیت ہمارابنیادی ہدف ہے،وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا اجلاس سے خطاب

94

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ حکومت غریب عوام کے فلاح وبہبودکے ایجنڈاپرمضبوطی سے قائم ہے، غربت کاخاتمہ، سماجی واقتصادی ترقی اورمالیاتی امورمیں خواتین کی شمولیت ہمارابنیادی ہدف ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں ہدف پرمبنی زراعانت (سبسڈیز) کی تقسیم کیلئے طریقہ ہائے کارطے کرنے کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم کے مشیربرائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین، معاون خصوصی ڈاکٹرثانیہ نشتر اور معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹروقارمسعود اجلاس میں شریک ہوئے۔

ڈاکٹرثانیہ نشترنے وزیرخزانہ کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق معاشرے کے معاشی طورپرکمزورطبقات کو سہولیات فراہم کرنے کے ضمن میں غیر ہدفی زراعانت کو ہدف پرمبنی بنانے کیلئے مختلف تجاویزاورسفارشات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹرعشرت حسین اور ڈاکٹروقارمسعود نے مقامی سٹوروں اورکریانہ دکانوں پر سبسڈیز کی تقسیم کیلئے طریقہ کارپربحث کی۔وزیرخزانہ نے زراعانت سے مستفیدہونے والوں کی سہولت کومدنظررکھنے کی ہدایت کی اورکہاکہ دوردرازعلاقوں میں خریداری کے مراکز دوردورواقع ہوتے ہیں۔

انہوں نے ڈاکٹروقارمسعود اورڈاکٹرثانیہ نشتر کو مقررہ نظام الاوقات میں ہدف پرمبنی زراعانت کی تقسیم کیلئے جامع تجاویز وسفارشات پرمبنی طریقہ کار مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جاسکے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت غریب عوام کے فلاح وبہبودکے ایجنڈاپرمضبوطی سے قائم ہے اوراحساس پروگرام کے تحت معاشرے کے اقتصادی طورپرکمزورخواتین کومعاشی طورپربااختیاربنانے کیلئے معاونت کی فراہمی کاسلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ غربت کاخاتمہ، سماجی اوراقتصادی ترقی اورمالیاتی امورمیں خواتین کی شمولیت ہمارابنیادی ہدف ہے۔