غربت کا خاتمہ پائیدار ترقی کے حصول اور سب کے لئے امن و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے بنیادی شرط ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا غربت کے خاتمہ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

173

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ صرف ایک اخلاقی فرض نہیں ہے بلکہ پائیدار ترقی کے حصول اور سب کے لئے امن و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے بنیادی شرط ہے، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے سے لے کر رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے تک ہم طویل مدتی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی پالیسیوں پر کام کر رہے ہیں۔

غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایک ایسی دنیا کے لئے پر عزم ہیں جہاں ہر فرد کے لئے کامیابی کے مواقع یکساں ہوں، غربت کا خاتمہ صرف ایک اخلاقی فرض نہیں ہے بلکہ پائیدار ترقی کے حصول اور سب کے لئے امن و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے بنیادی شرط ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی ہر پالیسی کا محور عوام کی فلاح و بہبود ہے، حکومت نے اپنے سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کے اقدامات کے ذریعے غربت کے خاتمے کو یقینی بنانے میں اہم پیشرفت کی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ لوگوں کو غربت سے نکالنا صرف فوری ریلیف کی فراہمی ہی ضروری نہیں بلکہ انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات بھی انتہائی اہم ہیں، ہماری کوششوں کا مقصد کمیونٹیز خاص طور پر خواتین اور بچوں کو بااختیار بنانا اور انہیں وہ ذرائع فراہم کرنا ہے جن سے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر ہو سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں مہنگائی اور معاشی بے یقینی سمیت عالمی چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت پاکستان اپنے لوگوں کے لئے زندگی کو مزید آسان بنانے کے لئے پرعزم ہے، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے سے لے کر رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے تک ہم طویل مدتی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی پالیسیوں پر کام کر رہے ہیں۔شہبازشریف نے کہا کہ ہمارے اقدامات جیسے پی ایم یوتھ بزنس، ایگریکلچر لونز، ڈیجیٹل سکلز ، مفت آئی ٹی ٹریننگز اور پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ لاکھوں خاندانوں کو مالی مدد اور تکنیکی مدد فراہم کرکے زندگیوں کو بدل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 17 پائیدار ترقیاتی اہداف میں غربت کا خاتمہ بھی سرفہرست ہے جن کے حصول کے لئے پاکستان پوری طرح پرعزم ہے، ہم اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے اور جامع ترقی، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور ماحولیاتی پائیداری کے حصول کے اہداف کے لئے کام کرتے رہیں گے، ہمیں خواتین کو بااختیار بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے میں ہونے والی پیشرفت پر بھی فخر ہے، خواتین کی شراکت ملکی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن میں پاکستان اور دنیا بھر میں ان تمام لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو غربت کے خاتمے کے لئے انتھک محنت کر رہے ہیں، مشترکہ مقصد اور عزم کے ساتھ اکٹھے ہو کر ہم ایک ایسا مستقبل بنا سکتے ہیں جہاں ہر فرد کو ترقی کرنے اور کامیاب ہونے کا موقع ملے، حکومت پاکستان کی جانب سے میں اس مقصد کے لئے اپنی غیر متزلزل لگن کا اعادہ کرتا ہوں اور معاشرے کے تمام شعبوں کو ایک مزید خوشحال، مساوی اور جامع دنیا کی تعمیر میں ہمارا ساتھ دینے کی دعوت دیتا ہوں۔