اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ غربت ایک بڑھتا ہوا سماجی و معاشی مسئلہ ہے،غربت کے حل کے لیے عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،غربت کے خاتمے کے لیے عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل ضروری ہے۔
جمعرات کو یہاں جاری بیان میں سپیکر نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ غربت ایک عالمی مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں خصوصاً ترقی پذیر ممالک میں عوام کی ایک بڑی تعداد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے،غربت ایک بڑھتا ہوا سماجی و معاشی مسئلہ ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ غربت کے حل کے لیے عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،غربت کے خاتمے کے لیے عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل ضروری ہے،سماجی و ادارہ جاتی نا انصافی اور غیر منصفانہ رویے غربت کے خاتمے میں بڑی رکاوٹیں ہیں جن کا تدارک ضروری ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان قانون سازی کے ذریعے ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے،موجودہ جمہوری حکومت ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف فلاحی و سماجی منصوبوں کا اجراء کیا گیا ہے،موجودہ حکومت کی جانب سے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا اجراء نوجوانوں کو مالی طور پر خود مختار بنانے کی بہترین کاوش ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ معیاری تعلیم اور بہتر طبی سہولیات کے فروغ ،ایک بہتر اور محفوظ مستقبل کے لیے غربت کا خاتمہ ضروری ہے۔