برسلز۔ 13 اپریل (اے پی پی) یورپی یونین نے کہا ہے کہ فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقوں میں یہودی آبادکاروں کے لیے نئی تعمیرات غیر قانونی اور بین الاقوامین قوانین کی توہین ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یورپی یونین کے ہائی کمیشن کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے غرب اردن میں 4 ہزار کالونیاں تعمیر کر رکھی ہیں اور نئی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کا فلسطین میں یہودی آباد کاری سے متعلق موقف واضح ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، فلسطینی اراضی میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ سرگرمیاں بلا جواز ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ غرب اردن میں یہودی آباد کاری اور توسیع پسندی کے اقدامات تنازع کے دو ریاستی حل کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اگر ان کی جماعت انتخابات میں کامیاب ہوگئی تو وہ غرب اردن کو اسرائیل کا حصہ بنائیں گے۔