غریبوں اور محنت کشوں کے بچوں کو اعلیٰ اور جدید تعلیم دینے کے لئے سرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری دانیال چوہدری کا راولپنڈی میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

109

راولپنڈی۔ 8اپریل (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے غریبوں،مزدوروں اور محنت کشوں کے بچوں کو اعلیٰ اور جدید تقاضوں کے ہم آہنگ تعلیم دلوانے کے لئے سرکاری سکولوں کو معیاری سکولوں میں بدلنے کا فیصلہ لیا جس پر صوبہ بھر کے سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کے لئے تیزی سے کام جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی اے وی کالج روڈ راولپنڈی میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سی ای او ایجوکیشن امان اللہ خان چھینہ،مسلم لیگ(ن)کے رہنما ڈاکٹرمقبول احمدخان ،ڈسٹر کٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ڈاکٹرگل احمد،ڈسٹر کٹ ایجوکیشن آفیسرڈاکٹر محمد اظہر،ڈسٹر کٹ ایجوکیشن آفیسرایلیمنٹری(فی میل)ڈاکٹر ہاجرہ شاہین اور پرنسپل خالد رشید،کونسلرزحیدرعلی،رانا ندیم ظفراورملک شہزادمحمودسمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ امیر لوگ اپنے بچوں کو پرائیویٹ تعلیم دلوا سکتے ہیں لیکن غریبوں اور مزدوروں کے بچوں کا بھی حق ہے کہ وہ بھی اعلیٰ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم حاصل کر سکیں۔اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے صوبہ بھر کے سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے

جس کے تحت سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی،سٹاف و ٹیچروں کی کمی کو دور کرنے اور جدید قسم کی لیبارٹریوں کو بنوانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔سی ای او راولپنڈی اور ان کی پوری ٹیم سکولوں کی اپ گریڈیشن کے لئے پوری جانفشانی سے محنت کر رہی ہے۔سی ای او امان اللہ خان چھینہ نے کہا کہ تعلیمی میدان میں کامیابی ہی قوموں کی ترقی کی ضامن بنتی ہے،موجودہ دور حکومت میں جتنے تعلیم دوست اقدامات ہوئے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔دریں اثناء گرلز کالج نمبر 2 مری روڈ میں محکمہ تعلیم کے فیلڈ افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اے ڈی ای او، ڈی او ای اور ڈی ڈی او ای سمیت شہر و تحصیل کے مختلف سکولوں کے سربراہان مرد و خواتین پرنسپلز نے شرکت کی ۔

اجلاس میں فیلڈ وزٹ کے نظام، افسران کی ذمہ داریوں اور کارکردگی کے معیار کو مؤثر بنانے سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی ای او کیچ نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ ہر تحصیل کے ڈی ڈی ای او اپنے متعلقہ اے ڈی ای او اور ایل سیز کو وزٹ ایریاز تفویض کریں اور ہر ماہ کا وزٹ پلان ڈی ای او اور ڈی ڈی ای او دفاتر میں بروقت جمع کرائیں ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزٹ رپورٹس ہر ماہ کی 15 تاریخ تک لازمی جمع ہوں جبکہ سکولوں میں اساتذہ کی غیر حاضری یا دیگر مسائل کی رپورٹنگ روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔ پی ایس ڈی پی سکیم کے تحت سکولوں کی حالت کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری کو”مسنگ فیسلٹیز” کی نشاندہی بھی کی گئی جنہیں حل کرنے کیلئے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی اور اساتذہ کی تجاویز پر شکریہ ادا کیاگیا۔قبل ازیں سکولوں میں داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات میں کتابیں تقسیم کی گئیں جبکہ بیرسٹر دانیال چوہدری نے ڈی اے وی کالج روڈ اور گرلز ہائی سکول نمبر دو مری روڈ میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا ۔کلین اینڈ گرین پنجاب کے حوالے سے سکول میں 50 پودوں کی مدد سے شجرکاری مہم میں حصہ ڈالا گیا ۔طلباء و طالبات نے بڑھ چڑھ کر پودے لگائے اور اس بات کا عزم کیا کہ وہ ان پودوں کی حفاظت بھی کریں گے کیونکہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔