غزّہ کے شفا ہسپتال سے ہمارا رابطہ منقطع ہو گیا ہے، عالمی ادارہ صحت

66
World Health Organization

جنیوا ۔13نومبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینم گبریسس نے کہا ہے کہ تنظیم کا غزّہ کے شفا ہسپتال مرکز سےرابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ غزہ کےشفا ہسپتال پر اسرائیلی حملے تشویشناک صورتحال ہے جس کے باعث ادارے کا شفا ہسپتال کے مرکز سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

مرکز سے موصول ہونے والی آخری رپورٹ کے مطابق ہسپتال ٹینکوں کے گھیرے میں ہے اور ہسپتال سے فرار ہونے والوں پر فائرنگ کر کے انہیں زخمی یا ہلاک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ غزّہ میں انسانوں کی زندگیاں بچانے کا واحد راستہ فوری فائر بندی ہے،ہم دوبارہ سے فائر بندی اپیلوں کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت، شدید زخمیوں اور بیماروں کے مستقل، باقاعدہ، بلارکاوٹ اور محفوظ طبٰی انخلا کی بھی اپیل کرتا ہے۔

دوسری طرف اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ ‘یونیسیف’ کی ایگزیکٹیو ڈائیریکٹر کیتھرین رسل نے کہا ہے کہ میں، اسرائیلی حملوں کی وجہ سے شفاء ہسپتال میں انکیوبیٹر میں موجود نومولود بچوں کی اموات کا خدشہ محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو اور بچوں کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔