غزہ،الشفاہسپتال کے قریب سرنگ کا الزام، حماس نے اسرائیل کا دعویٰ مسترد کردیا

75
Gaza

غزہ ۔7نومبر (اے پی پی):فلسطین کی تحریک مزاحمت حماس کے رہنما اسامہ حمدان نے اسرائیل کے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ حماس الشفا ہسپتال کی آڑ لے کر اپنے جنگجوؤں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق اسامہ حمدان نے کہا اسرائیل الشفا ہسپتال کے قریب فوجی ہیڈ کوارٹرز کی بات کر کے ہسپتالوں پر بمباری کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ہسپتال کے قریب ایک سرنگ کی موجودگی کے بارے میں اسرائیلی فوج کے ترجمان کے دعوے کے جواب میں بیروت میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسامہ حمدان نے کہا کہ اس بارے اسرائیل کے دعوے غلط ہیں، یہ ایندھن ذخیرہ کرنے کی سہولت ہے،ہسپتالوں کے قریب راکٹ لانچ کرنے کے پلیٹ فارمز کی موجودگی میں کوئی صداقت نہیں۔ اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے دکھائی جانے والی آڈیو ریکارڈنگز جعلی ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے پر غزہ کے ہسپتالوں میں ایک بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی بھیج دے، اسرائیل نے غزہ میں اب تک ڈھائی لاکھ ہاؤسنگ یونٹس کو تباہ کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل شمالی غزہ سے مکینوں کو نکالنے کے لیے کتابچے تقسیم کرتا ہے اور پھر ان کی کاروں پر بمباری کر دیتا ہے،جہاں تک اسرائیلی وزیر برائے ثقافتی ورثہ کے کل کے بیانات کا تعلق ہے

انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کا واضح اعتراف ہیں کہ اسرائیل کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر سے غزہ پر 35 ہزار ٹن دھماکہ خیز مواد گرایا ہے۔ انہوں نے غزہ کے مستقبل پر بین الاقوامی سرپرستی مسلط کرنے کے خلاف بھی خبردار کیا۔ انہوں نے غزہ کے مستقبل کے حوالے سے مغربی امریکا کی تمام تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگ صرف اپنے حق خود ارادیت کو قبول کریں گے۔