نیویارک۔29جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مسئلہ فلسطین کے پرامن اور دو ریاستی حل کے حوالہ سے منگل کو نیو یارک میں اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی ۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق کانفرنس سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہو رہی ہے۔ شریک چیئرمینز کی قیادت اور آٹھ ورکنگ گروپس …
غزہ "بین الاقوامی قانون اور انسانی اصولوں کا قبرستان” بن چکا ہے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا مسئلہ فلسطین پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب
نیویارک۔29جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مسئلہ فلسطین کے پرامن اور دو ریاستی حل کے حوالہ سے منگل کو نیو یارک میں اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی ۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق کانفرنس سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہو رہی ہے۔ شریک چیئرمینز کی قیادت اور آٹھ ورکنگ گروپس کے کردار کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کانفرنس سے بامقصد نتائج کے حصول کے لیے پاکستان کی فعال شرکت اور عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیل کی جاری جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "بین الاقوامی قانون اور انسانی اصولوں کا قبرستان” قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ 58,000 سے زائد فلسطینیوں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، ان کے قتل کو بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے اقدامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بین الاقوامی اقدام کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی، بلا روک ٹوک انسانی امداد تک رسائی، اقوام متحدہ کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے کی حمایت، جنگی جرائم کی جوابدہی اور دو ریاستی حل کے لیے ایک مستند سیاسی عمل کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے فلسطین کے لیےاقوام متحدہ کی مکمل رکنیت اور عالمی سطح پر اس کی شناخت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کانفرنس کو قابل عمل وعدوں کے ساتھ دو ریاستی حل کی مرکزی اہمیت کو دوبارہ اجاگر، اسرائیل کے غزہ سے انخلا کے مطالبہ کے ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2735 اور او آئی سی ۔عرب پلان کے مطابق غزہ کی تعمیر نو کی حمایت کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانفرنس میں جبری نقل مکانی، آبادیاتی جوڑ توڑ، آبادکاریوں اور الحاق کو بھی مسترد کرنا چاہیے۔
فرانس کی جانب سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے دیگر ممالک کو اس کی پیروی کی ترغیب دی۔ انہوں نے او آئی سی ۔عرب پلان اور کسی بھی بین الاقوامی تحفظ کے طریقہ کار کے لیے تکنیکی امداد، صلاحیت سازی اور حمایت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی تیاری کا اظہار بھی کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے زور دیا کہ مسئلہ فلسطین ایک اخلاقی ضرورت اور بین الاقوامی برادری کے لیے ایک امتحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ ختم ہونا چاہیے اور ابھی ختم ہونا چاہیے، اب وقت ہے کہ فلسطین کو آزادی، خودمختاری اور ریاستی حیثیت حاصل ہو۔









