غزہ عوام کے خلاف بھوک کا ہتھیار استعمال کرنا انسانیت کی توہین ہے، مصر

130
Egyptian President Abdel Fattah al-Sisi
Egyptian President Abdel Fattah al-Sisi

قاہرہ ۔12ستمبر (اے پی پی):مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں بالخصوص غزہ کے رہائشیوں کے خلاف بھوک کے ہتھیار کا استعمال انتہائی خطرناک اور انسانیت کی توہین ہے۔العربیہ کے مطابق انہوں نےقاہرہ کے صدارتی محل میں اپنے جرمن ہم منصب فرینک والٹر سٹین میئر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس معاملے نے انسانی حقوق کی اقدار کی ساکھ اور خیال پرگہرے اثرات ڈالے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انسانیت کی صریح خلاف ورزی کی نمائندگی کرتا ہے اور یہ پوری دنیا کے سامنے ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی جنگ میں 40,000 افراد مارے گئے جن میں سے دو تہائی بچے اور خواتین ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یورپ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے گا۔صدرعبدالفتاح السیسی نے غزہ کی پٹی میں امداد پہنچانے اور قیدیوں کی رہائی کے لیے جامع طریقہ کار تلاش کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ یورپ کے لیے اس مرحلے پر مسئلہ فلسطین کے حوالے سے آخری حد تک کوشش کرنا بہت ضروری ہے تاکہ برسوں سے حل طلب مسئلہ فلسطین کا حل تلاش کیا جا سکے۔اس موقعے پرجرمن صدر فرانک سٹین مائر نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور تشدد کے خاتمے کے لیے مصر کے کردار کو سراہا۔