غزہ میں ادارے کی امدادی کارروائیاں خاتمے کے بہت قریب ہیں،کمشنر جنرل یو این آر ڈبلیو اے

75
UNRWA
UNRWA

برلن۔17اکتوبر (اے پی پی):فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے باعث بڑھتے ہوئے پیچیدہ حالات کی وجہ سے اپنی امدادی کارروائیوں کے ممکنہ خاتمے کے قریب ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایک نیوز کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ اس حقیقت کو نہیں چھپائیں گے کہ ہم اس مقام پر پہنچ سکتے ہیں جہاں مزید کام کرنے کے قابل نہ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے ہماری امددای کارروائیاں ممکنہ خاتمے کے بہت قریب ہیں۔ یہ کب ہو گا؟ مجھے نہیں معلوم لیکن ہم اس کے بہت قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امدادی ایجنسی کو روزمرہ کے کاموں میں مشکلات کے علاوہ اپنے وجود کے خلاف مالی اور سیاسی خطرات کا سامنا ہے کیونکہ بیماری اور قحط کے خطرے کے خلاف امداد کی اور بھی زیادہ ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس بات کا ایک حقیقی خطرہ ہے کہ سردیوں کے آغاز میں لوگوں کے مدافعتی نظام کے کمزور ہونے کے ساتھ ساتھ قحط یا شدید غذائی قلت کا امکان ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ یو این آر ڈبلیو اے غزہ، مغربی کنارے، اردن، لبنان اور شام میں لاکھوں فلسطینیوں کو تعلیم، صحت کی سہولیات اور امداد فراہم کرتا ہے۔