غزہ ۔2ستمبر (اے پی پی):غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 13 فلسطینی شہید ہو گئے ۔اے ایف پی کے مطابق غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے منگل کو بتایا کہ ایک اپارٹمنٹ اور رہائشی عمارت پر رات گئے اسرائیلی فضائی حملوں میں 13 افراد شہید ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوب مغربی غزہ شہر میں ایک رہائشی عمارت کی اوپری منزل کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 10 افراد شہید ہو گئے جبکہ اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے شہر کے مغرب میں ایک اپارٹمنٹ پر بھی حملہ کیا جس میں تین افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فورسز فلسطینی سرزمین کے سب سے بڑے شہری مرکز غزہ شہر پر قبضہ کرنے کے لیے حملے کی تیاری کر رہی ہیں، حالیہ دنوں میں علاقے میں بمباری تیز کر دی گئی ہے اور انخلاکی وارننگ دی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کا اندازہ ہے کہ غزہ شہر اور اس کے گردونواح میں تقریباً 10 لاکھ لوگ رہتے ہیں، جہاں قحط کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسرائیلی اعداد و شمار پر مبنی اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق، حماس کے اکتوبر 2023 میں اسرائیل پر حملے کے نتیجے میں 1,219 افرادشہید ہوئے، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔ حماس کے زیرانتظام غزہ میں وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق اسرائیل کی جوابی کارروائی میں کم از کم 63,557 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر عام شہری ہیں۔