غزہ۔24جون (اے پی پی):غزہ میں امداد حاصل کرنے کے لئے جمع فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجہ میں 24 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق وسطی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 24 فلسطینی شہری شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ یہ بمباری منگل کی صبح مختلف رہائشی علاقوں اور جنوبی وادی غزہ میں امدادی سامان کے منتظر شہریوں کے اجتماع پر کی گئی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ غزہ شہر کے جنوب میں واقع صبرہ محلے میں ایک مکان پر بمباری کی گئی جس کے ملبے سے پانچ افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔ ریسکیو اور سول ڈیفنس کے عملے نے زخمیوں کو فوری طور پر الشفا میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا۔ نصیرات میں قائم العودہ ہسپتال کے طبی ذرائع نے تصدیق کی کہ ہسپتال میں 19 لاشیں اور 146 زخمیوں کو لایا گیا، جن میں اکثریت ان افراد کی تھی جو صلاح الدین سٹریٹ پر امداد کے حصول کے لئے جمع تھے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ 62 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں وسطی غزہ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ شدید انسانی بحران سے دوچار ہے۔ اس دوران دسیوں ہزار شہری شہید ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، جب کہ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔بین الاقوامی برادری کی خاموشی اور فوری مداخلت نہ ہونے کے باعث غزہ میں انسانی المیہ مزید سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔