غزہ میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں پر دنیا کی خاموشی بدقسمتی ہے، سفیر عاصم افتخار احمد

90
شہدائے ہزارہ پولیس سپورٹس کمپیٹیشن 2025 کا پہلا ایڈیشن شروع ہو گیا

پیرس۔19اکتوبر (اے پی پی):فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں معصوم شہریوں کے خلاف بین الاقوامی انسانی قانون کی بار بار اور صریح خلاف ورزی پر خاموشی کو افسوسناک قرار دیا ہے۔فلسطین پر یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کے 217 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ کی 15 سالہ طویل غیر قانونی ناکہ بندی نے ایسے جرائم کے مرتکب افراد کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری جارحیت اور غیر قانونی قبضے پر خاموشی اور اسے غیر ارادی قرار دینا ہی اس تنازعہ کی بنیادی وجہ ہے۔جمعرات کو سفارت خانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے عوامی سطح پر اپنے موقف کا اعلان کیا ہے اور غزہ کے ہسپتال پر فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت غزہ میں انسانی ہمدردی کے تحت امداد بھیجنے کے لیے بھی ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاموشی فکری دیوالیہ پن ہے اور انصاف کرنے کے لیے سنجیدگی سے خود شناسی کی ضرورت ہے۔ عاصم افتخار احمد نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ پر اسرائیلی بمباری اور محاصرے کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر دارالحکومت القدس الشریف کے ساتھ ایک قابل عمل اور خودمختار فلسطینی ریاست کے حامل ایک منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کے لیے کام کرنا چاہیے