غزہ میں ایک اورشیر خوار بچہ شدید سردی کی وجہ سے ہائپوتھرمیا کا شکار ہو کر دم توڑ گیا

غزہ۔17دسمبر (اے پی پی):غزہ میں ایک اورشیر خوار بچہ شدید سردی کی وجہ سے ہائپوتھرمیا کا شکار ہو کر دم توڑ گیا ۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی طرف سے غزہ میں امدادی اشیاء کی فراہمی پر عائد پابندیوں کی وجہ سے شدید سردی میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے سخت سردی کے حالات کے باوجود پناہ گاہوں کے …

غزہ۔17دسمبر (اے پی پی):غزہ میں ایک اورشیر خوار بچہ شدید سردی کی وجہ سے ہائپوتھرمیا کا شکار ہو کر دم توڑ گیا ۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی طرف سے غزہ میں امدادی اشیاء کی فراہمی پر عائد پابندیوں کی وجہ سے شدید سردی میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے سخت سردی کے حالات کے باوجود پناہ گاہوں کے سامان اور دیگر انسانی امداد کے داخلے پر پابندی عائد کررکھی ہے۔ فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اےکا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے اسے براہ راست غزہ میں امداد لانے سے روک دیا ہے۔

ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ادارے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ غزہ میں لوگ مبینہ طور پر تباہ شدہ عمارتوں کے گرنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں جن میں کئی خاندان پناہ لیے ہوئے تھے۔ ادارے نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ غزہ میں بچوں کی موت مبینہ طور پر سردی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ غزہ میں وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ ہائپوتھرمیا سے جاں بحق ہونے والے بچےمحمد خلیل ابو الخیر کی عمردو ہفتے تھی ۔ الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں کئی خاندان گیلی زمین پر خیموں میں بغیر حرارت، بجلی یا کافی کپڑوں کے رہ رہے ہیں ،جب خوراک، ایندھن، پناہ گاہ اور امداد پر پابندی عائد کر دی جائے تو سردی جان لیوا ہو جاتی ہے۔

اسرائیل نے دو سالہ جنگ کے دوران غزہ کے 80 فیصد سے زیادہ ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے، جس سے لاکھوں خاندانوں کو کمزور خیموں یا بھیڑ بھری عارضی پناہ گاہوں میں پناہ لینے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ غزہ میں حال ہی میں طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث خیموں میں سیلاب آ گیا اور عمارتوں کو نقصان پہنچا اور 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔غزہ شہر سے ایک بے گھر فلسطینی ماں ام محمد اسالیہ نے بتایا کہ ہم بچوں کے کپڑوں کو آگ پر خشک کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ان کے پاس بچوں کے لئے کوئی اضافی کپڑے نہیں ،

انہوں نے کہا کہ میں تھک چکی ہوں، ہمیں جو خیمہ دیا گیا ہے وہ موسم سرما کے حالات کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ ہمیں کمبل اور کپڑوں کی ضرورت ہے ۔انسانی ہمدردی کےلئےکام کرنے والے اداروں نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ تک امداد کی بلا تعطل ترسیل کی اجازت دے۔تاہم اقوام متحدہ کے ادارے یو این آرڈبلیو اے نے کہا کہ اسرائیلی حکومت نے اسے براہ راست غزہ میں امداد لانے سے روک دیا ہے۔ادارے کی طرف سے مزید کہا گیا ہے کہ یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے اور غزہ میں اب بڑے پیمانےامداد کی فراہمی کی اجازت دی جانی چاہیے۔