کوالالمپور۔31اگست (اے پی پی):کوالالمپور میں منعقد عالمی مذہبی رہنماؤں نے دنیا بھر کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں جاری نسل کشی، بھوک اور تباہی کی جنگ کی مذمت کریں اور ہر ممکن طریقے اور وسائل استعمال کرتے ہوئے اس قتلِ عام کو روکنے کے لیے مداخلت کریں۔سبق ویب سائٹ کے مطابق عالمی مذہبی رہنماؤں نے حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی قابض حکومت پر دباؤ ڈالیں تاکہ اس انسانی المیے کا خاتمہ کیا جا سکے۔
اُنہوں نے زور دیا کہ یہ سانحہ، جس نے انسانی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، رونما نہ ہوتا اگر بین الاقوامی قانون مؤثر طور پر فعال ہوتا۔یہ اعلان ملائیشیا کے دار الحکومت کوالالمپور میں منعقد مذہبی رہنماؤں کی دوسری بین الاقوامی کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں کیا گیا ہے جس کا اہتمام ملائیشیا کے وزیر اعظم أنور ابراہیم اور مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل اور مجلس علمائے مسلمین کے سربراہ شیخ محمد بن عبد الکریم العیسی نےکیا ہے۔
کانفرنس میں دنیا بھر کی بڑی مذہبی قیادتوں کی 400 شخصیات نے شرکت کی ہے۔مذہبی رہنماؤں نے عالمی برادری پر زور دیا ہےکہ وہ اسرائیلی قابض حکومت کو اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے معاہدات کی پاسداری پر مجبور کرے، فلسطینی عوام کی مصیبت کا خاتمہ کرے، اُن کے جائز حقوق کو یقینی بنائے اور بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے عملی اقدامات کرے۔