غزہ میں جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششیں دو گنا کی جائیں،چین

115
Geng Shuang
Geng Shuang

اقوام متحدہ ۔12مارچ (اے پی پی):چین نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں پر زور دیا۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے کہا کہ غزہ میں موجودہ تنازعہ 5ماہ سے جاری ہے جس کی وجہ سے وہاں کی رہائشی خواتین کو ناقابل بیان نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9ہزار سے زیادہ مائیں اور بیٹیاں شہید ہو چکی ہیں جبکہ لاکھوں خواتین بے گھر ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کے مبارک مہینےر مضان کاآغاز ہو چکا ہے اور غزہ کے لوگ عبادات کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔

انہوں نے سلامتی کونسل کو جنگوں میں جنسی تشدد کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ چین نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اقدامات کرتے ہوئے غزہ کے لوگوں کی بقا کی امید کو برقرار رکھنے کے لیے فوری جنگ بندی کی کوششوں کو دوگنا کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام زیر حراست افراد کو جلد از جلد رہا کرنے کے لئے سفارتی کوششوں میں اضافے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حراست میں فلسطینی مردوں اور عورتوں کے ساتھ مبینہ طور پر ظالمانہ، غیر انسانی اور ذلت آمیز سلوک کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین مسلح تصادم میں خواتین کے خلاف ہر قسم کے جنسی تشدد کی مذمت کرتا ہے اور ایسے واقعات کی بروقت اور جامع انداز میں تحقیقات، مجرموں کے احتساب اور متاثرین کے لئے انصاف کی حمایت کرتا ہے۔