غزہ میں جنگ پوری دنیا کے سامنے ہو رہی ہے، اس کے نتائج کے ذمہ دار سب ہیں، سعود ی وزیر کا سلامتی کونسل میں مباحثے سے خطاب

46
غزہ میں جنگ پوری دنیا کے سامنے ہو رہی ہے، اس کے نتائج کے ذمہ دار سب ہیں، سعود ی وزیر کا سلامتی کونسل میں مباحثے سے خطاب

اقوام متحدہ ۔25جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ انجینئر ولید الخریجی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرق وسطی کی صورت حال پر کھلے مباحثے میں شرکت کی ہے۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے مسلسل جارحانہ حملوں، وسیع پیمانے پر اندھا دھند بمباری سے غزہ کی صورتحال دھماکہ خیز ہے

۔ کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ اسرائیلی جارحیت کے باعث متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے سعودی عرب کا موقف پیش کرتے ہوئے غزہ میں نہتے شہریوں کو شہید کرنے کا سلسلہ بند کرانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرنے اور اس تنازع کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی برادری کی مشترکہ ذمہ داری پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ پوری دنیا کے سامنے ہو رہی ہے۔ اس کے نتائج کے ذمہ دار سب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب غزہ کی جنگ کا دائرہ پھیلے اور علاقائی امن واستحکام پر اس کے اثرات سے خبردار کر چکا ہے۔ ہماری ترجیح انسانی مصائب اور فلسطین میں عسکری اقدامات کا خاتمہ ہے جبکہ بحیرہ احمر اور یمن میں ہونے والے عسکری حملے تشویشناک ہیں۔سعودی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ بحران کے منفی اثرات سے پڑوسی ممالک اور عالمی امن و سلامتی کو درپیش خطرات سے بچانے کے لیے ضروری اقدامات کرنا ہوں گے۔

بحران کا پائیدار اور منصفانہ حل تلاش کرنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اسرائیل کی طرف سے اپنے دفاع کے بہانے غزہ کے خلاف فوجی کارروائی اور غزہ کے باشندوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی زندگی سے کھلواڑ ناقابل قبول ہے۔

غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائی مستقبل قریب میں کسی مثبت اقدام کے بغیر غزہ کو مستقل بنیادوں پر تشدد کا نشانہ بنائے رکھے گی۔ سعودی عرب کسی بھی فریق کی جانب سے اور کسی بھی بہانے سے بین الاقوامی انساینی قانون کی خلاف ورزیوں کو پوری قوت سے مسترد کرتا ہے۔

انہوں نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی فورم قابض اسرائیلی افواج کو بین الاقوامی قانون کا پابند بنائے۔ غزہ کا المیہ ختم کرائے اور فلسطینی عوام کے حقوق اور وقار کی ضامن خودمختار ریاست قائم کرائے۔