غزہ میں خیمہ بستی پر اسرائیلی بمباری،پولیس چیف سمیت 11 فلسطینی شہید،15 زخمی

149
غزہ

غزہ۔2جنوری (اے پی پی):غزہ میں بے گھر افرد کی خیمہ بستی پر اسرائیلی بمباری کے نتیجہ میں غزہ پولیس کے سربراہ سمیت 11 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہو گئے۔ اے ایف پی کے مطابق غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے بتایا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے رات گئے غزہ پٹی کے شہر خان یونس کے علاقے المواسی میں خیمہ بستی پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 11 افراد شہید ہو گئے،

جن میں تین بچے اور2 خواتین بھی شامل ہیں اور 15 افراد زخمی ہو گئے۔ ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں پولیس چیف محمود صلاح اور ان کے نائب حسام شاہوان بھی شامل ہیں۔ ایک الگ بیان میں غزہ کی وزارت داخلہ نے دو پولیس اہلکاروں کے قتل کی مذمت کی ۔

وزارت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی اس کارروائی کا مقصد غزہ کی پٹی میں افراتفری پھیلاتا ہے اور شہریوں کے انسانی مصائب میں اضافہ کرنا ہے۔ وزارت نے مزید کہا کہ پولیس فورس ایک سول پروٹیکشن فورس ہے جو شہریوں کو خدمات فراہم کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔