قاہرہ۔24مارچ (اے پی پی):یورپی کمیشن کی نائب صدر اور ہائی ریپریزنٹیٹو فار فارن افیئرز اینڈ سکیورٹی پالیسی کاجا کیلس نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی نئی لہر کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اردو نیوز کے مطابق انہوں نے قاہرہ میں اپنے مختصر قیام کے دوران گزشتہ روز مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے ہمراہ پرنس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین جنگ بندی معاہدے کی بحالی کے لیے متحرک ہوں اس سے قبل ضروری ہے کہ غزہ میں اموات کا سلسلہ روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کی جانب سے دوبارہ دشمنی کا سلسلہ شروع کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہیں، جس سے غزہ میں خوفناک جانی نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قتل وغارت بند ہونی چاہیے، ایک نئی جنگ میں جیت کسی کی نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام یرغمالیوں کو رہا کرنا چاہیے اور اسرائیل غزہ میں انسانی امداد کو بحال کرے اور مذاکرات دوبارہ شروع کئے جائیں۔