غزہ۔28نومبر (اے پی پی):قطر نے کہا ہے کہ فریقین نے غزہ میں چار روزہ سیزفائر میں مزید دو دن کی توسیع پر اتفاق کیا ہے۔ یہ توسیع فریقین کے درمیانی جمعہ کو طے پانے والے معاہدے کے تحت آخری 11 اسرائیلیوں کی رہائی کے بعد کی گئی ۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام نے بتایا کہ رہا کئے جانے والوں میں 3سالہ جڑواں بچے اور ان کی والدہ کے علاوہ مزید 6بچے اور ایک خاتون اور اس کا بچہ شامل ہیں۔قطر نے کہا کہ رہا ہونے والوں میں فرانسیسی، جرمن اور ارجنٹائن کی شہریت رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔قیدیوں کی آمد کی تصدیق ہونے کے فوراً بعد، اسرائیل کی جیل اتھارٹی نے کہا کہ 33 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے ۔قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ’’ایکس‘‘ پر جاری بیان میں کہاکہ فریقین کے درمیان جاری ثالثی کے دورا ن غزہ میں مزید دو دن کے لیے انسانی ہمدردی کے تحت سیز فائر کی مدت کو بڑھانے کا معاہدہ طے پا گیا ہے ۔
وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکا نےغزہ میں سیز فائر میں توسیع کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقینا ہم امید کریں گے کہ اس وقفے کو مزید بڑھایا جائے گا اور اس کا انحصار غزہ سے یرغمالیوں کو رہا کرنے پر ہوگا۔ اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے اس اقدام کو جنگ کے اندھیروں کے بیچ میں امید اور انسانیت کی ایک جھلک قرار دیا ہے۔جرمن وزیر خارجہ اینالینا بائربوک نے یرغمالیوں کی رہائی کا خیرمقدم کیا، جن میں دو جرمن نوجوان بھی شامل ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414724