مکہ مکرمہ۔19مارچ (اے پی پی):رابطہ عالم اسلامی نے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی پر حملوں کے دوبارہ آغاز کی شدید مذمت کی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں رابطہ کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علما کونسل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی اور انسانی قوانین و روایات کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس قتل عام کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔ اسرائیلی حملوں میں بے گناہ شہریوں اور عام شہری تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ منگل کو علی الصبح اسرائیل نے غزہ پر یکے بعد دیگرے کئی فضائی حملے کئے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 413 ہو گئی ہے۔