غزہ پر ایٹمی حملے سے متعلق اسرائیلی وزیر کا بیان ناقابل قبول ہے، متحدہ عرب امارات

104

ابوظہبی ۔7نومبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے غزہ پٹی پر ایٹمی حملے سے متعلق اسرائیلی وزیر برائے قومی ورثہ ایمچے ایلیاہوکے بیان کی مذمت کی ہے۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اماراتی دفتر خارجہ نےبیان میں کہا کہ غزہ پر ایٹمی حملے کے حوالے سے اسرائیلی وزیر کا بیان ناقابل قبول ہے۔

امارات اس بیان کی مذمت کرتا ہے اور اسے بین الاقوامی قانون کے منافی سمجھتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی وزیر نے مبینہ بیان دے کر بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی اور جنگی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔اسرائیلی وزیر کا بیان اجتماعی نسل کشی کےعزم کا اظہار ہے جو تشویش کا باعث ہے۔

اماراتی دفتر خارجہ نے کہا کہ امارات ایٹم بم استعمال کرنے کا تاثر دینے کے اسرائیلی وزیر کے بیان کو مسترد کرتا ہے۔شہریوں کی جان کی سلامتی اور انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضروری امداد کی فراہمی متحدہ عرب امارات کی اولین ترجیح ہے۔