سٹاک ہوم ۔20مئی (اے پی پی):سویڈن کی وزیر خارجہ ماریہ مالمر سٹینر گارڈ نےغزہ پر مکمل کنٹرول کےاسرائیلی منصوبے کی مذمت کی ہے ۔ العربیہ اردو کے مطابق وزیر خارجہ ماریہ مالمر سٹینر گارڈ نے اپنے رد عمل میں کہا کہ اگر اس قبضے اور فتح کا مطلب الحاق ہے تو یہ بین الاقوامی قانون کے خلاف ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ سویڈن اپنے اس عقیدے پر قائم ہے کہ غزہ کے علاقے کو تبدیل یا کم نہیں کیا جاسکتا ہے۔
سویڈن کی وزیر خارجہ نےاسرائیل پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ کے لیے انسانی امداد کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے، جیسا کہ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا تھا کہ غزہ میں 20 لاکھ افراد بھوک سے مر رہے ہیں۔ ہم نے باربار اسرائیل کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کے اصولوں کے مطابق بلا روک ٹوک امداد و خوراک کی غزہ میں رسائی ممکن بنائے اور خوراک کی تقسیم پر عائد پابندی ختم کرے۔
انہوں مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے اور انسانی بنیادوں پر بھجوائی جانے والی امداد کی ترسیل پر عائد کردہ اسرائیلی پابندی ختم کی جائے۔ نیز قیدیوں کو بھی رہا کیاجائے، بجائے اس کے کہ اسرائیل غزہ پر قبضے اور تباہی کا سلسلہ مزیدبڑھاتا جائے۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران اسرائیل نے غزہ میں جارحانہ جنگ کا دائرہ مزید بڑھانے کا اعلان کیا تھا، تاکہ پورے غزہ کو فتح کر سکے اور فلسطینیوں کا جبری انخلا کر دے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہاکہ ہم پورے غزہ کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لیں گے۔ نیتن یاہو نے اپنا یہ ویڈیو بیان پیر کو ٹیلیگرام چینل پر جاری کیا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس بارے میں دوٹوک کہا کہ ہم ہار نہیں مانیں گےلیکن کامیابی کے لیے، ہمیں ایسے طریقے سے کام کرنا چاہیے جسے روکا نہیں جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599176