اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال پر عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کےلئے آواز بلند کرتے رہیں گے اور پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ جمعرات کو فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زہیر محمد حمد اللہ زید سے وزارت مذہبی امور میں ملاقات کے دوران وزیر مذہبی امور نے کہا کہ غزہ میں نہتے شہریوں خصوصا بچوں اور خواتین پر بمباری سے ہمارا دل زخمی ہے۔
غزہ کی صورتحال پر عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کےلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ او آئی سی کے پلیٹ فارم پر فلسطین اولین ایجنڈا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ مکہ اور مدینہ منورہ کی طرح قبلہ اول بیت المقدس کا آزادانہ سفر کریں۔
فلسطینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل اور بے لوث حمایت کو فلسطینی نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پاکستان سے فارغ التحصیل طلبا فلسطین میں کلیدی عہدوں پر فائز ہیں۔قبلہ اوّل اسرائیل کے غیر قانونی تسلط میں ہے۔فلسطینی عوام مسجد الاقصی کی آزادی کےلئےاپنی جان، مال اور خاندان قربان کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔فلسطینی صدر کے مشیر ڈاکٹر محمود الہباش ، مسجد الاقصی کے امام کے ہمراہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔