غزہ کی موجودہ صورتحال پر ہر ذی شعور انسان رنجیدہ ہے، معصوم فلسطینی شہریوں کا بہیمانہ قتل دراصل انسانیت کا قتل عام ہے، گورنر پنجاب

216
حکومت ملک کی معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔گورنر پنجاب

لاہور۔1نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ غزہ کی موجودہ صورتحال پر ہر ذی شعور انسان رنجیدہ ہے۔ معصوم فلسطینی شہریوں کا بہیمانہ قتل دراصل انسانیت کا قتل عام ہے۔ غزہ میں شہری آبادیوں اور ہسپتالوں پر بمباری کے نتیجے میں فلسطینیوں کی شہادتیں تکلیف دہ ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز لمز یونیورسٹی نیشنل انکیوبیشن سینٹر میں "تعبیر” پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خطاب کرتے ہوئے کیا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دنیا کے تمام انسان ایک دوسرے کے ساتھ انسانیت کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں، تمام دنیا کے ممالک کو چاہئے کہ وہ آگے بڑھ کر غزہ میں معصوم شہریوں، عورتوں و چھوٹے بچوں کے قتل عام کو روکنے میں کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ تعبیر پراجیکٹ کا مقصد یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کو ہنرمند بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں انکیوبیشن سنٹر ایک بہترین اقدام ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ انکیوبیشن سنٹر کا مقصد نوجوانوں کو نئے کاروبار کے لیے ضروری وسائل، رہنمائی اور مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کیلئے کاروبار کے لیے موزوں ماحول پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ہمارا ایک بہترین اثاثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں چھوٹے کاروبار کے انیشی ایٹوکی حوصلہ افزائی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی ترقی ہو گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو خوشحال اور مستحکم بنانا قوم کے ہاتھ میں ہے اور ہمیں مل کر وطن عزیز کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیشنل انکیوبیشن سنٹر نعمان ظفر نے ماضی اور حال میں شروع کئے گئے منصوبوں پرتفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ "تعبیر” پراجیکٹ پنجاب کی تمام یونیورسٹیوں میں کاروباری انکیوبیشن سینٹرز کے علم کی بنیاد، مہارتوں اور صلاحیتوں کو بڑھانے کا ایک بہترین منصوبہ ہے۔تقریب میں امریکن ڈپٹی چیف آف مشن آنڈریو شوفر، امریکن قونصل جنرل لاہور کرسٹن ہاکنزاور اکنامک قونصلر جان لیٹون کے علاوہ وائس چانسلر لمز ڈاکٹر طارق جدون، پرو وائس چانسلر عبدالرزاق دائود، ڈائریکٹر نیشنل انکیوبیشن سنٹر نعمان ظفر نے بھی شرکت کی ۔