رام اللہ ۔23نومبر (اے پی پی):مشرق وسطیٰ میں انسانی امور کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب ڈیوڈ سیٹر فیلڈ نے کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کو کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی مخالفت کرتا ہے ۔
سعودی خبررساں ادارے نے ڈیوڈ سیٹر فیلڈ کے ایک انٹرو یو کے حوالے سے بتایاکہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی وجہ سے غزہ کی پٹی کے جنوب میں بے گھر ہونے والوں کو جلد سے جلد شمال میں اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے لبنانی تنظیم حزب اللہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کشیدگی سے بچنا چاہتی ہے تو اسرائیل پر حملے کرنا بند کردے۔
واضح رہے کہ امریکی مندوب کا یہ بیان اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے اعلان اور غزہ کی پٹی میں ایک مدت کے لیے جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سامنے آیا ہے۔ اسرائیل کی اس جنگ میں غزہ میں اب تک 14 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید اور 33 ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔