غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی قابل مذمت اقدام ،کونسل متاثرین کے ساتھ ہے، جی سی سی

75
GCC meeting
GCC meeting

ریاض ۔10ستمبر (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی قابل مذمت اقدام ہے،کونسل مظلوم فلسطینی شہریوں کے ساتھ ہے۔عاجل نیوز کے مطابق یہ بات جی سی سی کی وزارتی کونسل نے اپنے 161 ویں اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہی۔ جی سی سی نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر سیز فائر اور غزہ کی پٹی کا محاصرہ ختم کرے تاکہ فلسطینیوں کی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔

کونسل کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں،علاقے میں فلسطینی اتھارٹی کی واپسی ضروری ہے۔جی سی سی نے غزہ کو مغربی کنارے (جس میں مشرقی بیت المقدس شامل ہے )سے جدا کرنے کے خیال کو یکسر مسترد کردیا۔

اراکین نے اس بات پر زوردیا کہ ’الدرہ فیلڈ‘ کویت کے سمندری علاقوں میں واقع ہے، سعودی و کویتی منقسم زون سے ملحقہ زیر آب علاقے کے قدرتی وسائل کویت و سعودی عرب کی مشترکہ ملکیت ہیں ۔ کونسل نے مشرق وسطی ٰ میں عسکری کشیدگی میں حالیہ پیش رفت پر تشویش کا اظہار بھی کرتے ہوئے علاقائی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پرزوردیا۔