غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور فون نیٹ ورک مکمل طور پر بند

101
غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور فون نیٹ ورک مکمل طور پر بند

مقبوضہ بیت المقدس ۔1نومبر (اے پی پی):فلسطین کے مقبوضہ علاقے غزہ کی پٹی میں بدھ کو انٹرنیٹ اور فون نیٹ ورک مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔فرانسیسی خبررسا ں ادار ے کے مطابق فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن ایجنسی نے کہا کہ بدھ کے روز غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور فون نیٹ ورک بند تھے، ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں جنگ زدہ علاقے میں اس طرح کا یہ دوسرا بلیک آؤٹ ہے۔

فلسطین کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (فلٹیل)نے ٹوئٹرپر کہا کہ پیارے ملک میں رہنے والے اپنے اچھے لوگوں کے لیے ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ غزہ میں مواصلات اور انٹرنیٹ خدمات مکمل طور پر منقطع کر دی گئی ہیں۔

گزشتہ ہفتے انٹرنیٹ اور فون نیٹ ورک مکمل طور پر منقطع ہو گیا تھا، لیکن ویک اینڈ پر بحال کر دیا گیا تھا۔ فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کی حکومت نے اس وقت اسرائیل کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ کی پٹی میں قتل عام کے لیے یہ سب کر رہاہے۔غزہ میں ٹیلی کام سروسز فراہم کرنے والے ادارے جوال نے بلیک آؤٹ کے لیے اسرائیل کی جانب سے علاقے پر بھاری بمباری کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔