راولپنڈی۔20اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے فلسطین اور کشمیر کو کھلی جیل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کے اطراف کی سرحدوں کو کھولا جائے اور عالمی مبصرین کو فلسطین تک جانے کی اجازت دی جائے، دنیا اسرائیل پر معاشی اور دفاعی پابندی لگائے ، پاکستانی عوام فلسطینی و کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر کے زیراہتمام یکجہتی فلسطین ریلی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ریلی میں راولپنڈی چیمبر کے عہدیداروں ، تاجروں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مشعال ملک نے کہا کہ گزشتہ 12 دن سے فلسطین پر قیامت ٹوٹی ہوئی ہے،
ہر کوئی خون کے آنسو رو رہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر اسرائیلی فوج بچوں کو قتل کر رہی ہے ، ہر 15 منٹ بعد ایک فلسطینی بچے کو شہید کیا جا رہا ہے ، 12 روز سے فلسطینی کھانے پینے کی اشیاء،ادویات،پانی کی ترسیل سے محروم ہیں ، وائٹ فاسفورس کا استعمال کرکے فلسطینی عوام کی پراپرٹی کو تباہ کیا جا رہا ہے ،
دنیا اسرائیل پر معاشی اور دفاعی پابندی لگائے ، اسرائیلی افواج ہر جنگ میں فلسطینی بچوں کو قتل کرنے کے واقعات بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اب تک تقریباً 6 ہزار لوگ شہید کئے جا چکے ہیں، اسرائیلی بربریت کے دنیا پر بڑے اثرات آنے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی اثرات آئیں گے،
فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہئے، نیتن یاہو اور مودی کا نیکسس ایکسپوز ہو رہا ہے، فلسطینی عوام کو کہا جا رہا ہے یہاں سے نکل جائیں، فلسطینی عوام کیوں اپنی جگہ چھوڑیں، افغانستان میں ایک سال میں جو کیا گیا فلسطین میں کارپٹ بمبنگ کرکے 2 دن میں اتنا نقصان کر دیا گیا۔