تل ابیب۔8جولائی (اے پی پی):غزہ کے شہر بیت حنون میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ گزشتہ رات کو اسرائیلی فوجی بیت حنون میں زمینی آپریشن کر رہے تھے کہ اس دوران سڑک کنارے نصب پھٹنے سے 5فوجی ہلاک ہو گئے جن میں سے 2 کی شناخت سٹاف سارجنٹ 20 سالہ میر شمعون امر اور 20 سالہ سارجنٹ موشے نسیم فریچ کے نام سے ہوئی ہے۔
دونوں فوجیوں کا تعلق کفیر بریگیڈ کی نیتزہ یہودا بٹالین کے ساتھ تھا ۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے باقی فوجیوں کے نام بعد میں جاری کئے جائیں گے۔ اسرائیلی فوج نے بتایا کہ نعشوں کو نکالنے کی کوششوں کے دوران علاقے میں گولہ باری ہوئی۔ واقعہ میں 14 فوجی زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔