غزہ کے لیے امداد کی روانی کو یقینی بنایا جانا چاہیے، برطانیہ

141
Prime Minister Keir Starmer
Prime Minister Keir Starmer

لندن ۔22جنوری (اے پی پی):برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے اپنے اسرائیلی ہم منصب بنجمن نیتن یاہو کو اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے کہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد غزہ میں انسانی امداد کی بلا تعطل آمد کو یقینی بنایا جائے۔العربیہ کے مطابق سٹارمر نے نیتن یاہو کے ساتھ مستقل اور پرامن حل تک پہنچنے کی طرف کام کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا ۔ ایک ایسا حل جو اسرائیل کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت دے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ برطانیہ سیاسی عمل کی حمایت کے لیے اپنی طاقت کے مطابق ہر وہ کام کرنے کے لیے تیار ہے جو فلسطینی ریاست کے قیام کا باعث بھی بنے۔انہوں نے نیتن یاہو کے ساتھ دفاع اور سلامتی کے امور پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، خاص طور پر ایرانی خطرے کا مقابلہ کرنے میں تل ابیب اور لندن کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔

قابل ذکر ہے کہ پندرہ ماہ کی مسلسل جنگ کےبعد گذشتہ اتوار کو حماس اور اسرائیل نے جنگ بندی کے باقاعدہ نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ ثالث ممالک کی کوششوں سے جنگ بندی تین مراحل پر مشتمل ہے۔پہلے مرحلہ 42 دن تک جاری رہے گا جس میں تینتیس اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا اور ان کے بدلے میں اسرائیل اپنی جیلوں سے 1,904 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔