غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کےحملوں میں مزید 25 فلسطینی شہید

46

غزہ سٹی۔3جولائی (اے پی پی):غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کےحملوں میں 25 فلسطینی شہید ہو گئے جن 12 ایسے فلسطینی بھی شامل ہیں جو فلسطینیوں کو پناہ دینے والے ایک سکول میں پناہ لئے ہوئے تھے۔ اے ایف پی کے مطابق غزہ کی شہری دفاع کی ایجنسی کے اہلکار محمد المغییر نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جمعرات کو غزہ کے علاقے الرمل میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے مصطفیٰ حفیظ سکول پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں میں 12 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ امداد کی تقسیم کے مقام کے قریب فائرنگ سے 6 فلسطینی شہید اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو شمالی قصبے بیت لاہیا میں توپ خانے کی گولہ باری سے 3 فلسطینی شہید اور جبالیہ میں اسرائیلی حملے میں ایک شخص شہید ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے ساحلی علاقے المواسی میں حملے بے گھر ہونے والے لوگوں کے خیموں کو نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے حال ہی میں غزہ میں اپنی فوجی کارروائیوں میں توسیع کی ہے، جہاں اکتوبر 2023 سے جاری جنگ نے سنگین انسانی حالات پیدا کیے ہیں اور غزہ جی تقریباً تمام بیس لاکھ سے زیادہ آبادی کو بے گھر کر دیا ہے۔