غزہ کے ہسپتال پر وحشیانہ بمباری،برطانوی ٹی وی چینل نے اسرائیل کے دعووں کا بھانڈا پھوڑ دیا

156
غزہ کے ہسپتال پر وحشیانہ بمباری،برطانوی ٹی وی چینل نے اسرائیل کے دعووں کا بھانڈا پھوڑ دیا

لندن ۔21اکتوبر (اے پی پی):برطانوی ٹی وی چینل 4 نے غزّہ کے الاہلی بپٹسٹ ہسپتال پر حملے سے متعلق اسرائیلی دعووں کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔ چینل 4 نے کہا ہے کہ فلسطین اسلامی جہاد کو قصور وار ٹھہرانے کے لئے اسرائیل کے پیش کردہ دلائل ایک دوسرے کے متضاد ہیں۔

خبر میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے فوجی ترجمان ڈینیئل ہاگاری نے پریس کانفرنس میں ہسپتال پر حملے کی ذمہ داری غزّہ پر ڈالنے کے لئےایک آڈیو ریکارڈنگ پیش کی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا کہ یہ آڈیو ریکارڈنگ حماس کے 2 اراکین کی گفتگو پر مبنی ہے لیکن حماس نے اس آڈیو ریکارڈنگ کو جعلی قرار دیا ہے۔

خبر میں کہا گیا ہے کہ دو غیر جانبدار اخبارات نے بھی اسی رائے کا اظہار کیا ہے۔ اخبارات نے کہا ہے کہ آڈیو میں استعمال کی گئی زبان، لہجہ اور الفاظ علاقے میں استعمال کی جانے والی زبان سے ہم آہنگ نہیں ۔چینل 4 نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ہسپتال پر فائر کے 2 مختلف مقامات دِکھائے ہیں اور یہ مقامات ہسپتال کے قریب واقع قبرستان میں ہیں۔

خبر میں کہا گیا ہے کہ حملے سے متعلق مناظر میں ہسپتال پر گرنے والا گولہ بہت بلندی سے اور افقی شکل میں حرکت کرتا دِکھائی دے رہا ہے اور یہ بلندی فائرنگ مقام سے ہم آہنگ نہیں ۔چینل نے ترجمان کے دِکھائے گئے 2 فائرنگ پوا ئنٹس کو بھی غیر حقیقی قرار دیا اور اسلامی جہاد کے پاس ہسپتال پر گرنے والے ایمونیش کو فائر کرنے والے وار ہیڈ کی موجودگی کے دعوے سے متعلق کہا ہے کہ اسرائیل ماضی میں بھی شہری اموات کی ذمہ داری قبول کرنے سے کتراتا رہا ہے۔