غلاف کعبہ کی تیاری پر 2 کروڑ 50 لاکھ ریال لاگت آئی،عبدالحمید المالکی

401
غلاف کعبہ کی تیاری پر 2 کروڑ 50 لاکھ ریال لاگت آئی،عبدالحمید المالکی

مکہ معظمہ۔31جولائی (اے پی پی):سعودی عرب میں غلاف کعبہ تیار کرنے والی فیکٹری کے انڈرسیکرٹری عبدالحمید المالکی نے کہا ہے کہ نئے غلاف کعبہ کی تیاری پرتقریبا 2 کروڑ 50 لاکھ ریال لاگت آئی ہے جبکہ پرانا غلاف فیکٹری کے مخصوص گودام میں پہنچا دیا گیاہے۔

عرب ذرائع ابلاغ نے انڈر سیکرٹری عبدالحمید المالکی کے حوالے سے بتایا کہ غلاف کعبہ کی تیاری میں دنیا کا بہترین ریشم استعمال کیاجاتا ہے جو اٹلی اور جرمنی سے درآمد کیا گیا تھا۔کسوہ کعبہ پرکشیدہ کاری کے لیے خالص چاندی اورسونے کے تار استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ سونے کا پانی چڑھے ہوئے چاندی کے تار بھی استعمال ہوتے ہیں، یہ مخصوص تار بھی جرمنی سے درآمد کیے جاتے ہیں۔المالکی نے مزید بتایا کہ کسوہ کعبہ کی تیاری میں استعمال ہونے والی مختلف اشیا کا مجموعی وزن 1200 کلوگرام ہے،

ان اشیا کو خاص طورپرغلاف کعبہ کے لیے تیارکرایا جاتا ہے اور پرانے غلاف کعبہ کے حوالے سے المالکی کا کہنا تھا کہ کعبہ شریف سے اتارے جانے والا غلاف اسی طرح طے کرکے فیکٹری کے گودام میں پہنچا دیا جاتا ہے جس کا اندراج رجسٹرمیں کیا جاتاہے۔ واضح رہے امسال خانہ کعبہ شریف کے غلاف کی تبدیلی کا عمل یکم محرم کو کیا گیا۔ اس حوالے سے دنیا بھر میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کے مراحل کو براہ راست نشر کیاگیا تھا۔