غلط میٹر ریڈنگ اور اور بلنگ میں ملوث ملازمین کو سخت سزائیں دی جائیں گی،چیف ایگزیکٹومیپکو

117
MAPCO
MAPCO

ملتان۔ 10 جولائی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر ناصر ایاز گرمانی نے کہاہے کہ اوور بلنگ کو ناقابل معافی جرم قرار دیدیا گیاہے اوراوور بلنگ کے ذریعے صارفین کو تنگ کرنے والے اہلکاروں اور افسران کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کرنے کے احکامات دے دیئے گئے ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے میپکو ریجن کے تمام ایس ایز کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صارفین کی استعمال شدہ بجلی کی درست درست میٹر ریڈنگ کرنا ہمارا فرض ہے،غلط میٹر ریڈنگ اور اور بلنگ ناقابل برداشت ہے اس میں ملوث ملازمین کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہاکہ صارفین کی شکایات کا کم سے کم وقت میں ازالہ کیاجائے۔میپکو ریجن کے تمام سرکل، ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں کے شکایات مراکز 24 گھنٹے کھلے رکھے جائیں۔

شکایات مراکزمیں24/7 مستعد اور با اخلاق عملہ تعینات کیاجائے۔صارفین کی درج ہونے والی شکایات کا مکمل ریکارڈ مرتب کیاجائے اور ان سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ایس ایز اپنے شکایات سنٹرز کی روزانہ مانیٹرنگ کریں اور شکایات کے اندراج و ازالے کا جائزہ لیں۔انہوں نے کہاکہ میپکوریجن کے کسی بھی علاقہ میں اضافی اورغیرعلانیہ لوڈ مینجمنٹ نہ کی جائے۔شیڈولڈ لوڈ مینجمنٹ کی سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کی جائے ایمر جنسی یا قدرتی آفات کی صورت میں تمام سب ڈویژنوں کے لائن سٹاف کو الرٹ رکھا جائے۔ہائی لاس فیڈرزپرنقصانات کی شرح کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔