اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف بیرسٹر ملیکہ بخاری نے کہا ہے کہ غیرت کے نام پر بے دردی سے قتل ہونے والی خواتین اور لڑکیوں کی زندگیوں کا تحفظ پی ٹی آئی حکومت کی اہم ترین ترجیح ہے، موجودہ حکومت کے دور میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ٹائم فار رئیل آنر ہیش ٹیگ کے تحت آگاہی کے ذریعے غیرت کے نام پر قتل کی روک تھام کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یورپی یونین، وزارت قانون و انصاف، پولیس اکیڈمی اور سماجی ادارے بیٹی کے تحت اس تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔تقریب کا مقصد غیرت پر مبنی قتل کے تناظر میں پاکستان میں موجود قوانین کے ڈھانچے کے حوالہ سے آگاہی پید اکرنا تھا۔ پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر ملیکہ بخاری نے تقریب کے دوران خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے کردار کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حکومت کے دور میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر بے دردی سے قتل ہونے والی خواتین اور لڑکیوں کی زندگیوں کا تحفظ پی ٹی آئی حکومت کی اہم ترین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کو حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے قانون سازی سمیت کئی اقدامات کئے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمینارا نے کہا کہ خواتین کے خلاف کسی بھی شکل میں تشدد بشمول غیرت کے نام پر قتل کو کبھی قابل قبول نہیں ہونا چاہئے، خواتین کے حقوق کا تحفظ صنف،مذہب یا سماجی حیثیت سے قطع نظر مرد اور خواتین کیلئے بین الاقوامی وعدوں کے مطابق موجودہ قوانین کا مکمل نفاذ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان میں خواتین کی ترقی اور ان کو بااختیار بنانےسے متعلق ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ سماجی ادارے بیٹی نے ٹائم فار رئیل آنر ہیش ٹیگ کے تحت کراچی اور اسلام آباد میں پولیس افسران بطور فرسٹ رسپانڈرز کیلئے سپیشل سیشن منعقد کئے اور ایک جامع ٹول کٹ تیار کی۔ یہ ٹول کٹ تفتیش اور پراسیکیوشن سمیت عدلیہ اور ارکان پارلیمنٹ کیلئے جامع معلومات فراہم کرتی ہے۔
اس میں قانونی فریم ورک اور مخصوص دفعات کی وضاحت کی گئی ہے جو غیرت کے نام پر قتل کو مجرمانہ جرم قرار دیتے ہیں، اس میں عالمی اور پاکستانی قانون کے مطابق تمام افسران اور سٹیک ہولڈرز کے کردار اور ذمہ داریوں کا بھی تعین کیا گیا ہے۔ اس پراجیکٹ کی حمایت میں بھرپو رڈیجیٹل مہم چلائی گئی۔
ٹائم فار رئیل آنر ہیش ٹیگ پراجیکٹ پاکستان میں تمام خواتین اور لڑکیوں کے تحفظ کیلئے یورپی یونین، وزارت قانون و انصاف اور بیٹی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔