اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تارکین وطن کی اپنے اپنے ممالک میں واپسی کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 235,821 افغان باشندے واپس جاچکے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق غیرقانونی طورپر مقیم غیرملکیوں سمیت افغان باشندوں کی ان کے ملکوں میں و اپسی جاری ہے ،ہزاروں کی تعداد میں افغان باشندے پاکستان کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چمن اور طورخم بارڈرز کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر اپنے وطن واپس جارہے ہیں ۔
افغان باشندوں کی باعزت اپنے وطن واپسی کیلئے ملک کے کئی اضلاع میں دیگر اقدامات کے علاوہ ان کے عارضی قیام کیلئے تمام سہولتوں سے آراستہ کیمپ قائم کئے گئے ہیں ۔
گزشتہ روز دوہزار نوسوانسٹھ غیرقانونی افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے جن میں 1092 مرد، 668 خواتین اور 1199 بچے شامل تھے اب تک مجموعی طورپر دو لاکھ پینتیس ہزار آٹھ سو اکیس افغان باشندے افغانستان واپس جاچکے ہیں۔