غیرقانونی ہنڈی والوں کے خلاف کارروائی،2افرادگرفتار،ڈیرھ کروڑ روپے برآمد

95

پشاور۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):کیپٹل سٹی پولیس نے ہنڈی حوالہ کے خلاف کارروائی کے دوران 2 مشکوک افراد کوگرفتار کرکے 1کروڑ 49 لاکھ روپے برآمد کر لیے۔ ایس پی رورل ظفر احمد خان کے مطابق تھانہ شاہ پور کے علاقے میں سروس روڈ پر پولیس نے گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران سواریوں کی گاڑی سے 2مشکوک افراد کو اتار کر ان کے پاس بیگز کی تلاشی لینے پر1کروڑ 49 لاکھ روپے برآمد کر لیے۔

حکام نے کہا کہ دونوں ملزمان کا تعلق دیر سے ہے جن کی شناخت خیال محمد اور محمد یوسف کے ناموں سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ رقم کی غیرقانونی طریقے سے ترسیل کی جارہی تھی ۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔