اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری میںرواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 137 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔سٹیٹ بینک اوردیگر اداروں کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے ستمبر تک کے عرصے میں ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 886.6 ملین ڈالررہا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 136.99 فیصد زیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 374.1 ملین ڈالر رہاتھا۔ستمبر کے دوران ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 622.6 ملین ڈالر رہا جو ستمبر 2018 ء کے مقابلے میں 392 فیصد زیادہ ہے، ستمبر 2018 ء میں ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 126.4 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اس عرصے میں فارن پبلک انویسٹمنٹ کا حجم 321.8 ملین ڈالر رہا، گزشتہ سال سمتبر میں فارن پبلک انویسٹمنٹ کا حجم 0.1 ملین ڈالر رہا تھا، اسی طرح مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پورٹ فولیوسرمایہ کاری میں بھی گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ جولائی سے ستمبر تک کے عرصہ میں ملک میں پورٹ فولیوسرمایہ کاری کا حجم بھی 321 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔