مکہ مکرمہ۔18جنوری (اے پی پی):سعودی وزارت حج وعمرہ نے بیرونی ممالک سے عمرہ پر آنے والےزائرین سے کہا ہے کہ وہ آنے سے قبل ’قدوم‘ پلیٹ فارم پر کوروناویکسین کی رجسٹریشن کریں۔
سعودی اخبار کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے ملک آنے والے عمرہ زائرین سے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب آنے سے 72 گھنٹے قبل آن لائن ’قدوم‘ پلیٹ فارم پر ویکسینیشن کے بارے میں معلومات اپ لوڈ کریں۔
قدوم پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ بنانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ وزارت داخلہ کے ہوم پیج پر ابشر پلیٹ فارم پر قدوم کا پورٹل موجود ہے جسے کلک کرنے پر اس کا پیج کھل جاتا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا سے بچاؤ کے لیے فائزر ، ایسٹرازینیکا، جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا ویکسین لگائی جا رہی ہے، علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظورکردہ سائنوویک اور سائنوفام ویکسین کو بھی سعودی عرب میں منظور کیا گیا ہے۔