غیر رجسٹرڈ حج آرگنائزر گروپ اور ان کے سب ایجنٹ سستے حج پیکجز کے نام پر پرائیویٹ حج کی بکنگ نہیں کر سکتے، وزارت مذہبی امور

103

اسلام آباد ۔ 31 مارچ (اے پی پی) غیر رجسٹرڈ حج آرگنائزر گروپ اور ان کے سب ایجنٹ سستے حج پیکجز کے نام پر پرائیویٹ حج کی بکنگ نہیں کر سکتے کیونکہ وہ ایسا کرنے کے اہل نہیں ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے ”اے پی پی” کو بتایا کہ اگر غیررجسٹرڈ حج آرگنائزر نے بکنگ کی تو ان کے خلاف ایف آئی اے کارروائی کرے گی۔ انہوں نے پرائیویٹ حجاج کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی حج آرگنائزر گروپ سے معاہدہ کرنے سے پہلے اس کی رجسٹریشن کی تصدیق کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام حج آرگنائزرز کو وزارت مذہبی امور کے منظور کردہ نرخوں کے مطابق پے آرڈر کے ذریعے ادائیگی کر کے اس کی رسید وصول کریں۔ حکام نے کہا کہ پرائیویٹ طور پر حج آرگنائزر کے ذریعے حج کی خواہش رکھنے والے عازمین حج باقاعدہ تصدیق کے بعد ادائیگی کریں اگر اس حوالے سے کسی قسم کی مشکلات ہوں تو وزارت سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔