اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ افغانستان سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ پائیدار تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی بھی اولین ترجیح ہے۔ غیر قانونی تارکین وطن کی موجودگی ہمارے سماج اور معیشت کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے امیگریشن پالیسی کا نفاذ ایک اہم قدم ہے۔
اتوار کو یہاں مسلم خان بونیری کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پالیسی پر عمل درآمد سے ملک زیادہ محفوظ اور مستحکم ہو گا اور ملک و قوم کو دہشت گردی اور عدم تحفظ کے بڑھتے ہوئے خطرات سے بچایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکین وطن کی موجودگی ہمارے سماج اور معیشت کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ امیگریشن کے مسائل پر متوازن پالیسی سے نہ صرف ہمارے قومی مفادات کا تحفظ ہو گا بلکہ یہ اقدام علاقائی استحکام میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن پر سخت کنٹرول کو نافذ کرکے ہم اپنی سرحدوں سے دہشت گردوں کی دراندازی کے امکانات کو بھی کم کر سکتے ہیں۔ اس اقدام سے قومی سلامتی اور امن کے ماحول کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کو روکنے اور ملکی سلامتی کو بہتر بنانے کی کوششوں میں اس پالیسی کے مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔