لاہور۔1نومبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بدھ کے روز جاری اہم ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ دنیا کی ہر ریاست اپنی سرحدوں کی حفاظت کےلئے قواعد و ضوابط کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کا حق رکھتی ہے، پاکستانی ریاست نے غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکی شہریوں کو وطن چھوڑنے کےلئے کافی عرصہ قبل مطلع کیاتھا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ یکم نومبرسے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل مربوط پالیسی اور جامع حکمت عملی کے تحت شروع ہو گیا ہے ، حکومت پاکستان کی ہدایت کے مطابق تمام شہروں سے مقررہ تاریخ کو غیر قانونی تارکین کو باہر بھیجا جائے گا ،غیر ملکی شہریوں کو باہر نکالنے والی تمام ٹیمیں انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائیں گی،انخلا آپریشن پر متعین تمام ٹیمیں باڈی کیم سمیت دیگر ٹیکنالوجی سے ہر سرگرمی کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں گی، پنجاب پولیس کی2لاکھ فورس حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق غیر ملکی شہریوں کے انخلا کےلئے پوری طرح تیار ہے۔
آئی جی نے کہاکہ حکومت پاکستان کی پالیسی کے مطابق انخلا کے لئے اضلاع کو مختلف تاریخوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے،جس شخص کے پاس پاکستان میں رہائش کی قانونی دستاویز موجود ہے اس سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہو گی، قانون نافذ کرنے والے ادارے، انٹیلی جنس ادارے، سپیشل برانچ اور ضلعی انتظامیہ حکومت پاکستان کی پالیسی پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائیں گے،حکومت پنجاب غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل سپروائز کرے گی، بغیر کسی شکایت اس عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ کسی بھی جگہ غیر قانونی تارکین وطن کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں ، پنجاب پولیس کے پاس غیر ملکی تارکین کا ڈیٹا بیس اور انٹیلی جنس رپورٹس موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی تارکین کی اکثریت کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے پیش نظر پہلے سے انخلا شروع کر چکی ہے،انخلا کا عمل بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا، کوئی بھی غیر قانونی تارک وطن پاکستان میں نہ داخل ہوسکے گا اورنہ رہائش رکھ سکے گا۔