اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل آفس لاہور نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) گوجرانوالہ کے ساتھ مل کر اسلام آباد کے آئی-10 مرکز میں واقع زونگ فرنچائز پر کامیاب چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران فرنچائز کو غیر قانونی سمز کے اجراء میں ملوث پایا گیا۔
جمعرات کو پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق چھاپے کے دوران تقریباً 30,000 سمیں (3,000 شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ)، ڈیجیٹل فنگر پرنٹس، چھ بی وی ایس ڈیوائسز (جن میں سے دو غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہو رہی تھیں)، ایک لیپ ٹاپ اور تین موبائل فونز ایف آئی اے کی ٹیم نے شواہد کے طور پر قبضے میں لے لئے۔
اس دوران موقع پر موجود دو افراد بشمول فرنچائز مینجر کو بھی گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئیں۔ مزید تفتیش این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری ہے۔
یہ اقدام پی ٹی اے کی اس وسیع اور مسلسل مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد ملٹی فنگر بائیومیٹرک ویریفیکیشن سسٹم (ایم بی وی ایس) کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔ پی ٹی اے غیر قانونی سمز کے اجراء کے خلاف اپنی بھرپور کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594476