غیر قانونی طور پررہنے والے کسی بھی غیر ملکی شہری کو پنجاب میں نہیں رہنے دیا جائے گا،وزیراعلیٰ محسن نقوی

116
Interior Minister Mohsin Naqvi
Interior Minister Mohsin Naqvi

لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب میں مقیم غیر ملکی شہریوں کا ابتدائی ڈیٹا تیار کرلیاگیا ہے، پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکی شہری خود واپس چلے جائیں، غیر قانونی طور پررہنے والے کسی بھی غیر ملکی شہری کو پنجاب میں نہیں رہنے دیا جائے گا تاہم کسی سے زیادتی نہیں ہوگی۔ وہ ر ات گئے شاہدرہ فلائی اوورز اوربند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور منصوبوں کا دورہ کرنے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ سکول بند کرنے سے آشوب چشم کے کیسز میں واضح کمی آئی۔ ناسازی طبیعت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ الحمداللہ بہتر محسوس کررہا ہوں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے،پل مکمل ہوچکا ہے اور دیگر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں، بند روڈ کے بڑے پراجیکٹ کو دو تعمیراتی کمپنیاں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گی،دن رات کام کر کے بند روڈ پراجیکٹ کو 120دن سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کریں گے، بند روڈ پراجیکٹ کے دونوں پیکیج بیک وقت شروع ہوچکے ہیں، راولپنڈی میں رنگ روڈ، سیف سٹی اتھارٹی سمیت د رجنوں زیر التوامنصوبے شروع کرائے ہیں، راولپنڈی کے پراجیکٹ90سے 180دن میں مکمل کروائیں گے اورراولپنڈی رنگ روڈ کا ایک پورشن جلد مکمل کرلیا جائیگا۔

محسن نقوی نے کہا کہ گوجرانوالہ،فیصل آباد اورراولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹ150دن میں بیک وقت مکمل کروائیں گے۔قبل ازیں وزیراعلی محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورز اوربند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور منصوبوں کا دورہ کیا اورسائٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی نے فلائی اوورز پر اسفالٹ اوراطراف کی سڑکوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نئے راوی پل کے منصوبے پر بھی کام تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شاہدرہ فلائی اوورز منصوبے کا مجموعی طور پر 90 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اورفلائی اوورز کو رواں ماہ ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ فلائی اوورز کے دونوں برج پر کام تکمیل کے قریب ہے اور الیکٹرک پولز کی فکسنگ جاری ہے۔

بعدازاں وزیراعلی محسن نقوی نے بند روڈکنٹرولڈ ایکسس کوریڈور منصوبے کا دورہ کیا اورتعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلی نے پراجیکٹ کے دونوں پیکیج کی سائٹس پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔وزیراعلی نے کہا کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل ہونا چاہیے۔انہوں نے تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کا انتظام بہتر بنانے کی ہدایت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 7.3کلومیٹر طویل کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کی تعمیر 4ماہ میں مکمل ہوگی، پیکیج ون میں نیازی تا سگیاں انٹرچینج اور پیکیج ٹو میں سگیاں انٹرچینج تا بابو صابو انٹرچینج کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور تعمیرکیا جارہاہے،

کنٹرولڈ ایکسس کوریڈورکے اطراف میں بھی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، پیکیج ون کی لمبائی 3.65 کلومیٹر ہے جبکہ پیکیج ٹو کی لمبائی 3.65 کلومیٹر ہے۔ کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوااورکنٹریکٹرزنے پراجیکٹس کے بارے میں بریف کیا۔صوبائی وزرا عامر میر،اظفر علی ناصر،ڈپٹی کمشنر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔